شاہ محمود قریشی

9 مئی جلائو گھیرائو مقدمات،شاہ محمود قریشی ذاتی حیثیت میں طلب

لاہور (کورٹ نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے 9مئی جلائو گھیرائو کے آٹھ مقدمات میں پراسیکیوشن سے دلائل اور ریکارڈ طلب کر لیا جبکہ آئندہ سماعت پر سابق وزیر خارجہ کو ذاتی حیثیت میں عدالت بلا لیا۔

اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، شاہ محمود قریشی کی جانب سے رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔دوران سماعت پراسیکیوشن نے مقدمات کا ریکارڈعدالت میں پیش نہ کیا، پراسکیوٹر نے بتایا کہ جیل ٹرائل میں مصروفیات کے باعث شاہ محمود قریشی کی ضمانتوں کا علم نہیں تھا، پراسکیوٹر نے استدعا کی کہ عدالت ریکارڈ اور دلائل فراہم کرنے کی مہلت فراہم دے۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل نے کہا کہ ہم دلائل کیلئے تیار ہیں، پراسیکیوشن تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔بعدازاں عدالت نے دو مقدمات میں شاہ محمود قریشی کو ذاتی حیثیت میں آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 16جون تک ملتوی کر دی جبکہ چھ مقدمات میں سماعت 26مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں