سراج الحق

اسٹیبلشمنٹ کو سبق سیکھتے ہوئے الیکشن میں غیرجانبدار رہنا چاہئے، سراج الحق

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کو سبق سیکھتے ہوئے الیکشن میں غیرجانبدار رہنا چاہئے،2018ء میں جس حکومت کو اقتدار میں لایا گیا اس وجہ سے فوج کو آج بھی تنقید کا سامنا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ الیکشن شفاف نہ ہوئے تو ملک میں زیادہ ہنگامے اور فساد ہوں گے، الیکشن کے حوالے سے اب بھی شکوک و شبہات برقرار ہیں، اسٹیبلشمنٹ اور دیگر ریاستی ادارے غیر جانبدار رہے تو ہی انتخابات کی ساکھ اچھی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ ایک حکومت لانے میں پوری طرح ملوث تھی لیکن اسٹیبلشمنٹ کو ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے غیر جانبدار رہنا چاہئے،عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو بھی غیر جانبدار رہنا ہوگا، ایسا کرنا ان اداروں کی ساکھ کیلئے بھی بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018میں اسٹیبلشمنٹ جس حکومت کو اقتدار میں لائی اس کی وجہ سے فوج کو آج بھی تنقید کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ الیکشن کے نتیجے میں بہت سی چھوٹی بڑی جماعتیں قومی اسمبلی میں آئیں گی تو اس صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے جماعت اسلامی حکومت یا حزبِ اختلاف میں بیٹھنے کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک بھر سے 700 سے زائد امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے اور ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ جماعت کے امیدوار اتنی بڑی تعداد میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں