کملا ہیرس

امریکہ، صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی انتخابی مہم ، ایک ہفتے کے دوران 20کروڑ ڈالر جمع

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی انتخابی مہم چلانے والے عملے نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار بننے کے بعد سے ایک ہفتے کے دوران 20کروڑ ڈالر جمع کیے گئے ہیں،برطانوی میڈیا کے مطابق کملا ہیرس کے عملے کی جانب سے یہ بتایا گیا ہے کہ اس مہم میں170000نئے رضاکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔

امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی انتخابی مہم کی ڈپٹی منیجر روب فلہرٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس)پر لکھا کہ جس ہفتے ہم نے مہم کاآغاز کیا کمی ہیرس نے 20کروڑ ڈالر اکٹھے کر لیے ہیں جن میں سے 66فیصد رقم نئے عطیہ دہندگان کی جانب سے ملی ہے

ہم نے170000نئے رضاکاروں کو سائن اپ کیا ہے،اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ٹیم نے کہا تھا کہ انہوں نے دوسری سہ ماہی میں 33کروڑ 10لاکھ ڈالر اکٹھے کیے، جو کہ جو بائیڈن کی انتخابی مہم اور ان کے ڈیموکریٹک اتحادیوں کے اسی عرصے میں جمع کیے گئے 26کروڑ 40لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔

کملا ہیرس کی بطور ڈیموکریٹک پارٹی امیدوار کی نامزدگی کو سابق سپیکر نینسی پلوسی سمیت کئی رہنماﺅں نے اور ووٹروں نے مہم کے لیے عطیات سے ان کی حمایت کی۔صدر جو بائیڈن کے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد نامزدگی حاصل کرنے والی کملا ہیرس نے الیکشن میں ڈیموکریٹس کی جیت کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔

امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اعتراف کیا ہے کہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینا ایک مشکل مرحلہ ہوگا لیکن یہ نئی صدارتی مہم ری پبلکن امیدوار کے بے دریغ جھوٹ پر غالب ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں