نئی دہلی (نیوز ڈیسک)گہری سموگ نے بھارتی دارالحکومت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور بعض علاقوں میں ہوا کے خراب معیار کے باعث مرئیت صفر ہو گئی جس کی بنا پر ایئرپورٹ اور ایئرلائن کے حکام نے پروازوں میں ممکنہ خلل پیدا ہونے کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوئس گروپ آئی کیو ایئر کی جمعہ کی لائیو درجہ بندی میں دہلی دنیا کے آلودہ ترین دارالحکومتوں میں تیسرے نمبر پر ہے جو موسمِ سرما کے آغاز سے ہی سموگ اور ہوا کے خراب معیار سے برسرِ پیکار ہے۔ایئرپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ ابھی تک پروازوں کی منسوخی یا راستہ تبدیل کرنے کی اطلاع نہیں ہے حالانکہ حکام نے ایکس پر ایک پوسٹ میں خبردار کیا ہے کہ طیاروں میں کم مرئیت میں لینڈنگ کے آلات کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھارت کی سب سے بڑی ایئرلائن اِنڈی گو اور کفایتی مسافر بردار سپائس جیٹ نے بھی موسم کی خرابی کے سبب تاخیر سے خبردار کیا۔ایوی ایشن ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 نے بتایا کہ صبح 10:14 بجے تک 20 پروازوں میں اوسطا آٹھ منٹ کی تاخیر ہوئی۔
میڈیا نے بتایا کہ دارالحکومت میں بعض ٹرین سروسز میں بھی تاخیر ہوئیں۔ملک کے آلودگی پر قابو پانے والے ایک بڑے ادارے نے کہا کہ نئی دہلی کی ہوا کا معیار جمعہ کو 351 کے انڈیکس سکور کے ساتھ بہت خراب قرار دیا گیا جبکہ صفر سے لے کر 50 کی سطح تک کا معیار اچھا سمجھا جاتا ہے۔