پشاور(نیوز ڈیسک)وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ جو لوگ سازش کرکے مجھے بلیک میل کر رہے ان کو سبق سکھاﺅں گا،خود این او سی ہوں، 8ستمبر کا جلسہ ہو کر رہے گا، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بتایا کہ جلسے کے بعد اگلی ملاقات ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی کو یقین نہیں آرہا کہ وہ گورنر بن گیا ہے، گورنر خیبرپختونخوا کو اسلام آباد، کے پی ہاﺅس اور نتھیا گلی سے نکالا، مجھے مجبور کررہا ہے کہ اسے گورنر ہاﺅس سے نکالوں، یہ دو ٹکے کا آدمی ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ گورنر میرے خلاف الیکشن لڑے تو اس کی ضمانت ضبط کرادوں، صوبے میں امن وامان پر توجہ دے رہا ہوں، بلدیاتی نمائندوں کے احتجاج سے پہلے ان سے مذاکرات کیے، اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرونگا۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ شکیل خان کو میں نے نہیں بلکہ بانی چیئرمین کی بنائی گئی کمیٹی نے نکالا ہے، جو لوگ سازش کرکے مجھے بلیک میل کر رہے ان کو سبق سکھاﺅں گا، ایک تو چوری اوپر سے سینہ زوری، سازشی عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دونگا۔