اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، حکومت سنجیدہ نہ ہوئی تو اپنا نقصان کرے گی ہمارا کچھ نہیں جاتا، اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے آفر مثبت عمل ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حامد رضا نے کہا کہ سیاسی مذاکرات کے لیے ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، مذاکرات کے لیے ماحول سازگار نظر نہیں آرہا۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی کی تحریک دیگر اپوزیشن رہنماﺅں کے کہنے پر موخر کی ہے، مذاکرات کے معاملات کو وقت دینا چاہ رہے ہیں اس لیے تحریک موخرکی۔ حامد رضا نے کہا کہ جنہیں مذاکرات کرنے ہیں کر لیں گے نہیں کرنے تو نہ کریں، ایوانِ میں ہونے والی تقریروں پر کبھی اپنا نقطہ نظر تبدیل نہیں کرتا، تقریروں سے لگتا ہے کہ جلد تبدیلی آجائے گی لیکن ایسا نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکومت سنجیدہ نہ ہوئی تو اپنا نقصان کرے گی ہمارا کچھ نہیں جاتا، اسپیکر ہاﺅس کے کسٹوڈین ہیں ان کی طرف سے آفر مثبت عمل ہے۔