دبئی(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کی جانب سے ٹیسٹ فارمیٹ کی نئی ریکننگ جاری کردی گئی جس کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی دو درجہ تنزلی ہوگئی ہے،آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 864پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں،
ان کے بعد انگلش بیٹر جو روٹ 859پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 818پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں،آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشین 802پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ڈیرل مچل 786پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں،ویرات کوہلی کی شاندار کارکردگی نے انہیں تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر پہنچا دیا ہے،
جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوہلی نے سنچورین میں 38اور 76سکور کیے، اس کے بعد کیپ ٹاون میں فیصلہ کن کھیل میں 46رنز کی اہم میچ جیتنے والی اننگ کھیلی اور سیریز میں مجموعی طور پر 172رنز بنائے،رینکنگ میں 3درجہ برتری کے بعد کوہلی 775پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں اور انہوں نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو آسٹریلیا کے خلاف چھ اننگز میں صرف 126رنز بنانے میں ناکام کارکردگی کے بعد 768پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں،
سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں محمد رضوان کی شاندار 88رنز کی اننگ نے انہیں فائدہ پہنچایا اور وہ 10درجے ترقی کے بعد 668ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 16ویں نمبر پر پہنچ گئے اور سعود شکیل 693ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 14ویں نمبر پر چلے گئے،بالنگ کے شعبے میں عامر جمال اپنی ڈیبیو سیریز میں ہی شاندار تاثر قائم کرتے رہے،
سڈنی ٹیسٹ میں ان کی شاندار چھ وکٹیں انہیں رینکنگ میں 12درجے اوپر لے گئیں، جس سے وہ 432پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ شاہین آفریدی 733پوائنٹس کے ساتھ 12ویں نمبر پر موجود ہیں،روی چندرن ایشون 863پوائنٹس کے ساتھ بالنگ رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں۔