واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 6 ہفتے کی جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ۔ سینئر امریکی سکیورٹی حکام کے مطابق اب بال حماس رہنماں کے کورٹ میں ہے کہ وہ جنگ بندی پر کب آمادہ ہوتے ہیں۔
غزہ میں امریکی فوج کی جانب سے انسانی امداد گرائے جانے کے بعد اسرائیل نے فوری طور پر جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کی۔ امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کے سینئر اہلکار نے بتایا کہ اسرائیل نے غزہ میں 6 ہفتے کی جنگ بندی کی تجویز کو قبول کر لیا ہے، ان 6 ہفتوں میں پائیدار امن کے قیام کیلئے کام کیا جائے گا، 6 ہفتے کی جنگ بندی کے دوران یرغمالیوں کی رہائی اور محصور ساحلی علاقوں میں امداد کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے لئے بات چیت کا پہلا دور مکمل ہو چکا ہے، حتمی فیصلہ دوسرے مرحلے میں ہوگا۔ حماس اس سے قبل مکمل جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کر چکی ہے۔