راولپنڈی (نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ بلّے پر سپریم کورٹ کا جو فیصلہ ہوگا، منظور ہوگا۔میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ 14 سینیٹرز کی موجودگی میں انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے انتخابات کا 8 فروری کو انعقاد پتھر پر لکیر ہے، امید ہے کہ الیکشن ان شاء اللّٰہ 8 فروری کو ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ اتحاد کے حوالے سے ایک پارٹی سے بات چیت چل رہی تھی تاہم وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی، فی الحال کسی جماعت سے اتحاد نہیں، اگر ایک آدھ سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ ہوئی بھی تو وہ ہمارے نشان پر ہی الیکشن لڑیں گے۔
دی اکانومسٹ میں عمران خان کا آرٹیکل شائع ہونے کے حوالے سے سوال پر چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ بانی چیئرمین جیل میں ہیں، انہوں نے تو جا کر آرٹیکل شائع نہیں کروایا۔انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، ہم سب اداروں کا احترام کرتے ہیں اور اس میں کوئی دوسری رائے نہیں۔