راولپنڈی(نیوز ڈیسک)بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جیل میں کسی بھی اعلیٰ سرکاری عہدے دار سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، انتخابات میں دھاندلی سے ملک میں عدم استحکام بڑھے گا۔
صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دھاندلی زدہ انتخابات کا معیشت پر برا اثر پڑے گا، کہتا رہا کہ آزاد اور شفاف انتخابات واحد حل ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں، منی لانڈرنگ سنڈیکیٹ کو لانے کی کوشش ہو رہی ہے، شریف خاندان ملک کا سب سے بڑا منی لانڈرر ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کاسب سے بڑا مسئلہ ڈالرز ہیں اور یہ ڈالر بیرون ملک بھیجتے ہیں، جیل میں کسی بھی اعلی سرکاری عہدے دار سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم سے اتحاد نہیں ہو سکتا، میں بنی گالہ شفٹ نہیں ہو رہا۔عمران خان نے کہا کہ ایسی دھاندلی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، نواز شریف کے پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر ہم جان گئے تھے کہ الیکشن جیت گئے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے، جب رزلٹ رکنا شروع ہوئے تو یقین ہو گیا کہ پی ٹی آئی جیت گئی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں، ہم سپریم کورٹ بھی جائیں گے، اب پتا چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے، وزیراعظم کے لیے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا اس پر غور کروں گا۔