لاہور (نیوز ڈیسک)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے آج انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں بی ایس ہونرز میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے پہلے سمیسٹر کے طلباء و طالبات کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر مجید چوہدری، پروفیسر شکیلہ زمان، عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر زبیر، فیکلٹی ممبران اور حلف اٹھانے والے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی اور پروفیسر مجید چوہدری نے بی ایس ہونرز میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے پہلے سمیسٹر کے طلباء و طالبات سے خدمت انسانیت کا حلف لیا۔ڈین آئی پی ایچ پروفیسر سائرہ افضل نے حلف سے قبل ادارے کی نمایاں کامیابیوں پر مبنی پریزنٹیشن بھی دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سیمیسٹر کے تمام طلباء و طالبات کو انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اس ادارے کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔حکومت پنجاب نے نظام صحت کی بہتری کیلئے نمایاں اقدامات اٹھائے ہیں۔
لاہور میں ایشیاء کے سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے۔لاہور اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی کا کریڈٹ بھی مریم نواز شریف کو ہی جاتا ہے۔ مختلف بیماریوں کے تدارک کیلئے آئی پی ایچ سے ریسرچ کے حوالہ سے گذشتہ 15 برسوں سے وابستہ ہوں۔
اس ادارے میں بین الاقوامی فیکلٹی کا آنا انتہائی خوش آئند ہے۔ برطانیہ سے بچوں کی کارڈیک سرجری کرنے آئے سرجنز سے پنجاب کے نظام صحت کی تعریف سن کر خوشی محسوس ہوئی۔آئی پی ایچ جیسے ادارے پورے پنجاب میں بنانا چاہتے ہیں۔خطرناک بیماریوں کی روک تھام اور ان کے تدارک کیلئے یہ ادارہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ میاں شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب کا پہلا ری ہیب سنٹر مظفر گڑھ میں بنایا گیا تھا۔ آخر میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مہمانوں کے درمیان یادگاری شیلڈز اور فیکلٹی ممبران کے درمیان لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔