علی امین گنڈاپور

صوبے کے حالات غلط پالیسی کی وجہ سے خراب ہیں،علی امین گنڈاپور

پشاور(نیوز ڈیسک) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کے حالات غلط پالیسی کی وجہ سے خراب ہیں، ہم ایف آئی آرز کو ڈگریاں سمجھتے ہیں۔وہ اقرا نیشنل یونیورسٹی کے کانوکیشن سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر یونیورسٹی کیلئے 3 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔

وزیر اعلی نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی پرائیویٹ سیکٹر میں تعلیم کے فروغ کیلئے کام کررہی ہے، حکومت کبھی بھی عوام اور نجی شعبے کے تعاون کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، مسائل کے حل کیلئے مل کر کردار ادا کرنے پر پرائیویٹ سیکٹر کو سپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ان پر انوسٹ کرنا چاہیے، ہمارے صوبے کے حالات غلط پالیسی کی وجہ سے خراب ہیں، صوبے میں قیام امن کیلئے فورسز اور عوام نے قربانیاں دی ہیں۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ طلبا کو والدین اور اپنے اساتذہ کا احترام کرنا چاہیے، طلبہ کو سیکھتے رہنا ہے زندگی میں مقابلہ کرنا ہے، ہم نے ہار نہیں ماننی پریشان نہیں ہونا عزت اللہ کے ہاتھ میں ہے، مقابلہ کرنا سیکھیں، آپ کو کوئی بھی شکست نہیں دے سکتا، مجھے جھگڑا کرنے پر لاہور گورنمنٹ کالج سے نکالا گیا تھا، ایف آئی آر بھی ڈگری ہوتی ہیں، مجھ پر 256 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں ہمارے لوگوں نے اپنا لوہا منوایا ہے، جو انسان کسی اور کی کامیابی پر خوش ہوتا ہے وہ کامیاب ترین انسان ہے۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہماری افغانستان کے ساتھ طویل سرحد ہے، عوام اور فورسز نے امن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے، نوجوان نسل ہی ہمارا مستقبل ہے، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نجی سیکٹر کے تعاون کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، طلبہ سے کہوں گا کہیں پر بریک نہیں لگانی، اپنی ڈگری سے دنیا میں اپنا لوہا منوائیں، سب سے زیادہ اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت کرنی ہے، زندگی میں مقابلہ کرنا سیکھیں۔

علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی آرز بھی ڈگریاں ہی ہوتی ہیں، میرے اوپر 264 کے قریب ایف آئی آرز درج ہیں، اوورسیز پاکستانی یہاں کے نوجوانوں کی تعلیم اور دیگر شعبوں میں مدد دیں، ہمارا صوبہ پسماندہ نہیں، دنیا کے عظیم ترین لوگ ہمارے اس ریجن میں پیدا ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں