لاہور(زاہد انجم سے) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کا لج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمدا لفرید ظفرنے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی جانب سے صوبے میں پہلی مرتبہ ائیر ایمبولنس سروس شروع کرنے کا فیصلہ نہائیت قابل تعریف اور وقت کی ضرورت کے عین مطابق ہے جس کا طویل عرصہ سے انتظار تھا۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رش کی وجہ سے آئے روز ٹریفک جام اور موٹرویز و صنعتی یونٹوں پر ہونے والے حادثات سے زخمیوں کو بر وقت ہسپتال تک پہنچانا ایک بہت بڑا چیلنج تھاجس کی وجہ سے بہت سی قیمتی جانیں محض بر وقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث ضائع ہو جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ائیر ایمبولنس سروس کے اجراء سے بہت بڑا مسئلہ حل ہو جائے گااور شاہرات کے ساتھ ساتھ انڈسٹریز میں بھی ہونے والے حادثات کے زخمیوں کو بر وقت ہسپتالوں تک ائیر لفٹ کرنا ممکن ہوگاجس سے سینکڑوں قیمتی جانیں بچائی جا سکیں گی جس کی بدولت عوام کی ڈھیروں دعائیں براہ راست وز یر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سرکاری حکام کے حصے میں آئیں گی۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں پہلے ہی ترقی یافتہ ممالک کے برابر آ چکا ہے اور اس ائیر ایمبولنس سروس کے آغاز سے ہم اس میڈیکل کے شعبے میں بھی اُس جدت کو چھو لیں گے جس کو یورپ اور امریکہ میں پہلے ہی رائج کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ مریم نواز کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا کیونکہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب انہوں نے جس ویژن کا مظاہرہ کیا ہے وہ کسی اور کے حصے میں نہیں آئی۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس اقدام موجودہ عہد کا تقاضا تھا،اس سے غریب اور وسائل سے محروم لوگوں کو بھی یہ سروس ملے گی اور وہ اپنے آپ کو مراعات یافتہ محسوس کریں گے۔