پشاور (کورٹ رپورٹر)پشاور ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک انصاف مراد سعید کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست کا معاملہ لارجر بینچ کو بھجوا دیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں مراد سعید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اعجاز خان نے سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ کے کیس میں بھی یہ ایشو ہے کہ امیدوار اشتہاری ہے، عدالت کو یہ دیکھنا ہے کہ کیا مفرور یا اشتہاری کے کاغذات نامزدگی منظور ہوسکتے ہیں؟عدالت نے معاملہ لارجر بینچ کو بھجواتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر پشاور ہائی کورٹ نے لارجر بینچ تشکیل دیا ہے،(کل) بدھ کو پشاور ہائی کورٹ کا لارجر بینچ ان معاملات والے کیسز پر سماعت کرے گا۔