چائنا

چین-افغانستان-پاکستان یوتھ کرکٹ دوستانہ تبادلے کی تقریب کا ہانگ چو میں انعقاد

بیجنگ (نیوز ڈیسک) چائنا میڈیا گروپ اورچین کے صوبہ زے جیانگ کی بین الاقوامی ثقافتی تبادلہ ایسوسی ایشن کے اشتراک، اور زے جیانگ صنعتی یونیورسٹی کی میزبانی میں، “لٹل بال ، ون ہارٹ” چین-افغانستان-پاکستان یوتھ کرکٹ دوستانہ تبادلے کی تقریب کا افتتاح زے جیانگ صنعتی یونیورسٹی کے پھنگ فنگ کیمپس میں کیا گیا۔

جمعرات کے روز چینی میڈیا کے مطابق زےجیانگ صنعتی یونیورسٹی کےوائس چانسلر وانگ جیئن گو نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زے جیانگ صنعتی یونیورسٹی کا کرکٹ گراؤنڈ چین کی قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی مرکز کے طور پر، ہانگ چو کی 19ویں ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ میں اپنی سروسز فراہم کر چکا ہے اور یہ بین الاقوامی معیار کے کرکٹ گراؤنڈز میں سے ایک ہے۔ چائنا میڈیا گروپ کے ایشیا اینڈ افریقہ ریجن کے لینگویج پروگرام سینٹر کی نائب ڈائریکٹر جنرل زانگ ہوئی نے اس موقع پر کہا کہ کھیل سرحدوں سے بالاتر مشترکہ زبان ہے، جبکہ نوجوان مستقبل کو جوڑنے والی امید کی مضبوط کڑی ہیں۔ اس تقریب کا مقصد یہ ہے کہ کھیل کی طاقت کے ذریعے تینوں ممالک کے نوجوانوں کے درمیان روبرو گفتگو اور دل سے دل کے تبادلے کا ایک پلیٹ فارم قائم کیا جائے

پاکستان کے قومی ٹیلی ویژن کی میزبان انیتا عزیز نے پاکستانی ٹیم کی جانب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس تیزی سے چین کھیلوں کے شعبے میں ترقی کر رہا ہے اور نوجوان نسل مختلف بین الاقوامی کھیلوں میں دلچسپی لے رہی ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آنے والے برسوں میں کرکٹ کا کھیل چین میں مزید مقبول ہو جائے گا۔ چین نے ہمیشہ دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کھیل دوستی، امن اور تعاون کا ذریعہ ہیں۔ ایسے بین الاقوامی ایونٹس نہ صرف مقامی نوجوانوں کو اس کھیل کی طرف راغب کرتے ہیں بلکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ چین کےعوامی اور ثقافتی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بناتے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے بعد، چین کی قومی کرکٹ ٹیم نے افغانستان اور پاکستان کی نمائندہ ٹیموں کے ساتھ دوستانہ میچز کھیلے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں