کراچی (سپورٹس ڈیسک)سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ‘ہائبرڈ ماڈل’ بھارت کو غیر منصفانہ فائدہ پہنچائے گا، کیوں کہ وہ اپنے تمام میچ ایک ہی مقام پر کھیلے گا۔ آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر شین واٹسن نے پاکستان نہ جانے کے بھارتی فیصلے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
کئی ہفتوں کے تعطل کے بعد ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق کیا گیا تھا کہ بھارت اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے گا، جس میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں سیمی فائنل اور فائنل بھی شامل ہے۔بھارت کی جانب سے ایونٹ کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے میں ہچکچاہٹ کی وجہ سے حتمی شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہوا۔
نئے انتظام سے بھارت کو بے شمار فوائد حاصل ہوں گے، دیگر ٹیمیں پاکستان اور دبئی میں 3 مقامات کے درمیان سفر کریں گی، جب کہ بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز ایک ہی مقام پر کھیلے گی۔
بھارتی ٹیم کو اپنے سیمی فائنل میچ کے مقام کے بارے میں بھی پہلے سے علم ہوگا۔پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر سلیم الطاف اسے بھارت کے لیے بہت بڑا فائدہ سمجھتے ہیں۔الطاف حسین نے بتایا کہ بھارت واحد ٹیم ہے جو جانتی ہے کہ وہ سیمی فائنل اور فائنل کہاں کھیلے گی، جب کہ دیگر ٹیموں کو گروپ کے مراحل مکمل ہونے کے بعد ہی یہ معلوم ہوگا۔بھارت کو دونوں ناک آؤٹ میچوں میں دبئی کی پچ سے واقفیت کا فائدہ بھی ہوگا، اور وہ اس کے مطابق تیاری کرسکتا ہے۔