ریاض (نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ بدھ تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش ریکارڈ کی جائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ملک کے بعض مقامات پر تیز اور بعض پر درمیانے درجے کی بارش ہوگی۔
بارش کے ساتھ گردو غبار اور ساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کے حساب سے ہوائیں چلنے،ژالہ باری اور سمندر میں اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔آئندہ چند روز میں تبوک، شمالی سرحدی گورنری، الجوف، مدینہ منورہ، مکہ معظمہ ، حائل، القصیم، ریاض، مشرقی گورنری الباحہ اور عسیر میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مرکز برائے موسمیات کی رپورٹ کے مطابق تبوک اور مدینہ منورہ میں اتوار اور پیر تک الجوف اور شمالی سرحدی علاقے میںمنگل تک، حائل اور قصیم میں پیر اور منگل جب کہ ریاض ،مشرقی گورنری اور مکہ مکرمہ میں منگل اور بدھ کو بارش کا امکان ہے۔قومی مرکز کی طرف سے جاری بیان میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بارش کے سیزن کے دوران گھروں سے باہر،نشیبی علاقوں اور سفر کے دور احتیاط سے کام لیں۔