لاہور( کورٹ نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے سوئی گیس کے بلوں میں لیوی ٹیکس کے نفاذ کو معطل کر تے ہوئے وفاقی حکومت، اوگرا، ایم ڈی سوئی نادرن گیس اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے بھمرا ٹیکسٹائل مل سمیت دیگر کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ وفاق کی جانب سے سوئی گیس کے بلوں میں لیوی ٹیکس کا نفاذ آرڈیننس 2025 کے ذریعے کیا گیا جو قانونی طور پر فروری 2025 کے بلوں پر لاگو نہیں ہو سکتا۔
درخواست گزار وں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آرڈیننس کا اطلاق صرف اس کے اجرا ء کے بعد ہونے والے بلوں پر ہو سکتا ہے، اس کا پچھلی تاریخوں پر اطلاق آئینی طور پر غلط ہے۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد فروری 2025 کے بلوں میں لیوی ٹیکس کی وصولی کو فوری طور پر روک دیا اور فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔