اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم انتخابات کے نتائج سے مطمئن اور خوش ہیں، وزیراعظم کون ہوگا؟ اس کا فیصلہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کریں گی۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ دیکھنا ہے پی ٹی آئی کے ممبر کیا فیصلہ کرتے ہیں، آزاد امیدواروں کو جلد فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کہاں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کون کس کے ساتھ اتحاد کرے گا، جتنی زیادہ جماعتیں اتحاد میں ہوں گی حکومت کی مدت اتنی کم ہوگی، پہلے آزاد امیدواروں کو فیصلہ کرنے دینا چاہیے۔
سیدخورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر سن کر خوشی ہوئی لیکن ابھی نواز شریف کے پاس مینڈیٹ ہی نہیں ہے، نواز شریف کو جلد بازی کی ضرورت نہیں تھی، مکمل نتائج کے بعد وزیراعظم کا اعلان مناسب لگتا ہے۔انہوںنے کہاکہ سب کو مل کر ملک کیلئے فیصلے کرنے چاہئیں، ہمیں ملک کے لئے بڑے بڑے فیصلہ کرنے ہوں گے، ڈر کر فیصلے کیے گئے تو فائدہ نہیں ہوگا۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ آزاد امیدواروں کے فیصلے سے پہلے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔