اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے 25 مئی 2022 کو سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دے دیا ۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق آج سے دو سال قبل بانی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ریاستی فسطائیت کی گہرائیوں کی جانب تحریک انصاف کے حقیقی آزادی کے سفر کا آغاز ہوا، ترجمان تحریک انصاف نے بتایاکہ 25 مئی 2022 حالیہ سیاسی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے، 25 مئی 2022 وہ دن ہے جب ریاست پوری وحشت اور آئین و قانون سے مکمل بے نیاز ہو کر پرامن شہریوں اور سیاسی کارکنوں پر ٹوٹ پڑی۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ اس روز پورے ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی گئیں، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، رات گئے گھروں پر دھاوا بولا گیا، خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا اور تحریک انصاف کے ذمہ داران اور کارکنان کو اغواء کیا گیا،عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ کے پرامن شرکاء پر گھنٹوں آنسو گیس، ربڑ کی گولیاں اور لاٹھیاں برسائی گئیں۔
ترجمان نے کہاکہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایاگیا، تحریک انصاف کے دو کارکن شہید، درجنوں زخمی کئیگئے اور ریاستی مشینری نے ملک کو خانہ جنگی کی جانب دھکیلنے کی پوری کوشش کی۔ ترجمان نے کہاکہ یہ بانی چیئرمین عمران خان ہی تھے جنہوں نے بدترین ریاستی مظالم کو برداشت کرتے ہوئے امن کا علم بلند کیا اور ملک کو داخلی انتشار سے بچایا۔ ترجمان نے کہاکہ دو سال قبل شہریوں پر ڈھایا جانے والا ظلم اور جبر اس شرمناک سلسلے کا آغاز ثابت ہوا، اس دو سال کے عرصے میں پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی سطح کی واحد سیاسی جماعت کو پوری شدت سے ریاستی جبر کے نشانے پر رکھ لیا گیا۔
ترجمان نے کہاکہ 9 مئی فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں خواتین سمیت سینئر قائدین اور دس ہزار سے زائد کارکنان زندانوں کی نذر کر دیے گئے۔ ترجمان نے کہاکہ ریاست آج بھی ماورائے آئین و قانون جارحیت پر بضد ہے جبکہ عمران خان اور تحریک انصاف مسلسل ظلم و انتقام کا نشانہ ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کو استحکام کی ضرورت ہے جس کیلئے قانون کو ہی حکمران بنانا ہوگا۔ ترجمان نے کہاکہ ظلم ترک کرکے عمران خان کو رہا کیا جائے اور ملک و قوم کو مؤثر قیادت فراہم کی جائے قبل اس سے کہ بحران پیچیدہ تر اور معاملات پوائنٹ آف نو ریٹرن تک پہنچیں۔