لاہور (شوبز ڈیسک) سینئر اداکارہ صبا فیصل نے کہا ہے کہ حال ہی میں ان کے چھوٹے بیٹے ارسلان فیصل نے ان کی پسند کی لڑکی سے شادی کی لیکن ساتھ ہی کہا ہے کہ آج کل کے وقت میں بیٹوں کے لیے دلہن ڈھونڈنا نا ممکن بن چکا ہے۔
اپنے چھوٹے بیٹے کی شادی کے بعد حال ہی میں انہوں ایک ٹی وی شو میں بتایا کہ بیٹے نے ان کی پسند کی لڑکی سے شادی کی، جس پر انہیں فخر ہے، کیوں کہ انہوں نے ماں ہونے اور بیٹے نے بیٹا ہونے کا حق ادا کردیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بیٹے کے لیے دلہن کو چن کر لائی ہیں اور انہیں فخر ہے کہ بیٹے نے ان کی پسند کی لڑکی سے شادی کی۔
بیٹوں کے لیے آج کل کے زمانے میں دلہن ڈھونڈنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ آج کل کے زمانے میں دلہن ڈھونڈنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بن چکا ہے۔ان کے مطابق انہیں نہیں لگتا کہ آج کے وقت میں مائیں اتنی بڑی ذمہ داری ادا کر سکتی ہیں کہ وہ بیٹوں کے لیے اچھی دلہن تلاش کریں۔