شوکت یوسفزئی

اس وقت تک پی ٹی آئی اور حکومت میں کوئی مذاکرات نہیں ہوئے،شوکت یوسفزئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے بھی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی تردید کر دی۔ اپنے ایک بیا ن میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک پر قائم ہیں، اگر حکومت نے مذاکرات میں پہل نہیں کی تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک کے لیے تیار ہو جائے۔ حکومت سے مذاکرات شروع ہوتے ہیں تو سول نافرمانی کی کال واپس لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، لیکن حکومت غیر سنجیدہ ہے، مذاکراتی عمل میں ہمیشہ حکومت پہل کرتی ہے، اپوزیشن نہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور اپوزیشن سے مذاکرات کرے۔، وفاقی وزرا غیر سنجیدہ بیانات سے گریز کریں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کو حکومت نے پی ٹی آئی کی کمزوری سمجھ لیا۔ حکومت کو اندازہ نہیں کہ سول نافرمانی کی تحریک اس حکومت کو کس طرف لے جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں، 26 نومبر کے بعد پارٹی اور بھی مضبوط ہوئی ہے۔شوکت یوسف زئی نے کہا کہ قرضوں پر نظام نہیں چلتا، حکومت مہنگائی کنٹرول نہیں کر سکتی اور عوام کو کوئی ریلیف بھی نہیں ملا، کمزور معیشت کو عدم سیاسی استحکام سے مضبوط نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فوج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کرم میں جنگ بندی اور معاملے کو مستقل حل کے لیے کام کر رہے ہیں۔ گورنر ہاﺅس کو صوبائی حکومت کے خلاف سازشوں کا گڑھ نہ بنایا جائے، گورنر خیبر پختونخواہ اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں