لاہور (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ خاموشی سب سے بڑا ہتھیار ہے اسی لئے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا جواب نہیں دیتی۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ ان پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور مذاق کا کوئی اثر نہیں ہوتا، کیوں کہ وہ سوشل میڈیا کو فالو ہی نہیں کرتی۔
میرا کے مطابق وہ ٹی وی دیکھتی ہیں نہ اخبار پڑھتی ہیں اور نہ ہی وہ سوشل میڈیا کو فالو کرتی ہیں، اس لیے انہیں ٹرینڈز اور خود پر ہونے والی تنقید اور مذاق کا پتہ ہی نہیں چلتا اور نہ ہی ان پر اس کا اثر پڑتا ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ لوگ ان پر بہت تنقید کرتے ہیں، ان کے حوالے سے نامناسب باتیں کہتے ہیں اور وہ ایسی باتوں پر کوئی جواب دینا نہیں چاہتیں، خاموشی سب سے بڑا ہتھیار ہوتی ہے۔شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر میرا نے کہا کہ وہ سنگل یعنی شادی کے بغیر زندگی اپنی مرضی سے نہیں گزار رہیں۔
اسی حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ایسی بات نہیں ہے کہ انہیں شادی کے لیے کوئی شخص ملا ہی نہیں لیکن یہ حقیقت ہے کہ لوگ انہیں نہیں سمجھتے اور جانتے، وہ حقیقی زندگی میں اسکرین پر نظر آنے والی زندگی سے مختلف ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ کب شادی کریں گی، اس کا جواب دینا بہت مشکل ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ ان سے ملنے والے لوگ انہیں نہیں جانتے۔