کراچی (شوبز رپورٹر) ماہرہ خان کے ساتھ لندن میں افسوسناک واقعے کی نئی ویڈیو سامنے آگئی، جس میں اداکارہ کو ہراساں کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کا چہرہ واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکارہ حال ہی میں لندن میں اپنی فلم کی پروموشن کے دوران ایک تکلیف دہ واقعے کا شکار ہوئیں۔ لندن کے ایک سپر مارکیٹ میں منعقدہ میٹ اینڈ گریٹ سیشن کے دوران ہجوم ماہرہ کے گرد جمع ہو گیا۔ واقعے کی نئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہجوم سے حفاظت فراہم کرنے کے بجائے سیکورٹی گارڈ جو ماہرہ کی حفاظت پر مامور تھا نے ماہرہ خان کے جسم کو غلط انداز میں چھونا شروع کر دیا۔ماہرہ خان اس حرکت پر بے حد خوفزدہ اور حیران رہ گئیں، اسی موقع پر اداکار ہمایوں سعید نے مداخلت کی اور سیکورٹی گارڈ کو پیچھے ہٹنے کا کہا۔
بعد ازاں ہمایوں سعید سارا وقت ماہرہ کے پیچھے کھڑے ہو کر انہیں سپورٹ کرتے رہے تاکہ کوئی اور ایسی حرکت نہ ہو۔سوشل میڈیا صارفین نے واقعے پر سخت ردعمل دیا کہ یہ تو واضح طور پر سیکیورٹی گارڈ کی حرکت ہے۔
کالے چشمے والا سیکیورٹی اہلکار ایک معروف ٹک ٹاکر بھی ہے، ہمایوں سعید نے بہت عمدہ طریقے سے صورتحال سنبھالی، ایسی کمپنی پر ماہرہ خان کو مقدمہ کرنا چاہیے، یہ تو سیدھا سیدھا ہراسانی کا کیس ہے۔