کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی)کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے پی ٹی آئی کراچی کے سینئر نائب صدر اور چیئرمین صدر ٹان منصور احمد شیخ نے کراچی میں ایک اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کراچی کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور صدر ٹان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
منصور احمد شیخ نے ملاقات کے دوران بتایا کہ صدر ٹان کراچی کا سب سے بڑا ٹان ہے، جہاں کے عوام نے پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے انہیں بطور چیئرمین منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے عوامی خدمت کے منشور پر عمل کرتے ہوئے صدر ٹان میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے گئے، جن میں سڑکوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی، شجر کاری مہم، پارکوں کی بحالی، اور پانی کی فراہمی کے مسائل کا حل شامل ہے۔
منصور شیخ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کا مقصد صرف اقتدار نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی ہے۔ کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو واضح اکثریت سے کامیاب کرایا، لیکن بدقسمتی سے اس مینڈیٹ کو چھینا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، اور ہم رنگ، نسل یا مذہب سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔
میری کوشش ہے کہ اپنی مدتِ چیئرمنشپ کے دوران صدر ٹان کو کراچی کا دل بنا دوں۔ تعلیم، صحت، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا چکے ہیں، اور ترقی کا یہ سفر جاری ہے۔مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے منصور احمد شیخ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے عوامی فلاحی کاموں کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ پی ٹی آئی کے منشور کو اسی جذبے سے آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ “کراچی پی ٹی آئی کا تھا، ہے اور رہے گا۔ مینڈیٹ چوروں کا وقت ختم ہو چکا ہے، پورے ملک کی طرح سندھ میں انصاف کی حکمرانی واپس آئے گی، اور بہت جلد عمران خان ہمارے درمیان ہوں گے۔