اودے پور (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو اپنے بوائے فرینڈ اور بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بوے کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق تاپسی پنو نے ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں چند قریبی دوستوں اور اہل خانہ کی موجودگی میں اپنے بوائے فرینڈ میتھیاس بوے سے شادی کی۔
تاپسی پنو اور میتھیاس بوے کی شادی کی تقریبات کا آغاز 20 مارچ سے ہوا تھا، یہ جوڑا اپنی زندگی کے سب سے خاص اور بڑے ایونٹ پر میڈیا کی توجہ نہیں چاہتا تھا، اسی وجہ سے انہوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ اور کنیکا ڈھلون ان چند مشہور شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تاپسی پنو کی شادی میں شرکت کی۔
ابھی تک تاپسی پنو کی شادی کی تصاویر منظرِ عام پر نہیں آئی ہیں لیکن کہا جارہا ہے کہ تاپسی جلد ہی اپنے دوستوں کے لیے ممبئی میں ایک شاندار پارٹی کا اہتمام کریں گی۔دوسری جانب گزشتہ ماہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ تاپسی پنو کی شادی سکھ اور عیسائی مذہب کی روایات اور رسم و رواج کے مطابق ہوگی کیونکہ اداکارہ کا تعلق سکھ مذہب سے ہے جبکہ ان کے بوائے فرینڈ عیسائی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔