کراچی (شوبز ڈیسک ) معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈرامے آج بھی اپنی ثقافت کے دائرے میں رہتے ہوئے بنائے جارہے ہیں۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ پاکستان ڈرامہ اور شوبز انڈسٹری میں آنے والے نئے لوگ اچھا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ٹی وی ڈرامے موضوع کے اعتبار پاکستانی ڈرامے کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔
ایک سوال پر اداکارہ نے کہا پاکستان کے ڈرامے میں آج بھی اپنی ثقافت کے دائرے میں رہتے ہوئے موضوعاتی کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک اصل فنکار وہی ہے جو کسی بھی کردار کو حقیقت کے قریب تر ہو کر نبھائے ۔ ثانیہ سعید نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ڈرامہ جلد بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی منفرد پہچان بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔