لاہور (شوبز ڈیسک) ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ مسیحی تھیں، جنہوں نے محبت اور شادی کے لیے اسلام قبول کیا جب کہ ان کے ماموں، خالائیں، نانی اور ننیال کے باقی افراد تاحال مسیحی ہیں۔
ایک پوڈکاسٹ میںانہوں نے بتایا کہ وہ چار بہنیں تھیں، جس میں سے سب سے بڑی بہن 20 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی تھیں جب کہ ان کے والد کا اس وقت انتقال ہوگیا تھا جب وہ محض 4 سال کی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کا اصل تعلق ملتان سے تھا، وہ ہربل ادویات کا کاروبار کرتے تھے جب کہ ان کی والدہ نرس تھیں اور دونوں کی ملاقات کراچی میں ہوئی اور دونوں نے شادی کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ نے شادی کی خاطر اسلام قبول کیا لیکن شوہر کے انتقال کے بعد شوہر کے خاندان والوں نے ان کی والدہ سے تعلقات ختم کرلیے۔آمنہ الیاس کے مطابق ان کی والدہ نے سخت مشکلات اور مصیبتیں دیکھیں، انہوں نے بطور نرس اپنا کیریئر جاری رکھا اور تمام بچوں کی پرورش کرنے سمیت انہیں اعلی تعلیم دلوائی اور تمام مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کیا۔