لاہور (ہیلتھ نیوز) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال لاہور ڈاکٹر ذیشان حیدر نے نجی ٹی وی پر چلنے والی ہسپتال میں مبینہ خلافِ ضابطہ کنٹریکٹ تقرریوں سے متعلق خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جناح ہسپتال میں ایسی کوئی بھرتی انجام نہیں دی گئی اور نہ ہی کسی قسم کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی ہوئی ہے، لہٰذا اس حوالے سے چلنے والی خبر یکسر حقائق کے منافی اور من گھڑت ہے۔
ایم ایس ڈاکٹر ذیشان حیدر نے صحافتی برادری سے اپیل کی ہے کہ ہسپتال انتظامیہ سے متعلق کسی بھی خبر کی اشاعت یا نشریات سے قبل متعلقہ حکام کا موقف حاصل کرنا لازمی بنائیں تاکہ عوام الناس تک درست، شفاف اور مصدقہ معلومات کی رسائی ممکن ہو سکے اور کسی قسم کی سنسنی یا غلط فہمی نہ پھیلے