لاہور16ستمبر(زاہد انجم سے) نومولود بچوں کی بروقت ویکسی نیشن، صاف پانی کی فراہمی اور محفوظ میڈیکل آلات کا استعمال ہی ہیپاٹائٹس کے خلاف سب سے مضبوط ڈھال ہے۔
ان خیالات کا اظہار ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے شعبہ پیڈیاٹرک گیسٹرو اینٹرولوجی کے زیر اہتمام ”پیڈیاٹرک لیور کیئر اینڈ وائرل ہیپاٹائٹس پریونشن“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ان کی صحت مند نشوونما یقینی بنانا اور انہیں معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری پیشہ ورانہ ذمہ داری ہی نہیں بلکہ اخلاقی فریضہ بھی ہے وائرل ہیپاٹائٹس بچوں کی صحت کو متاثر کرنے والی اہم بیماریوں میں شامل ہے جس کی بروقت روک تھام کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات، طبی احتیاط اور عوامی آگاہی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ سیمینار میں پروفیسر محمد شاہد، شعبہ پیڈیاٹرک گیسٹرو اینٹرولوجی، ہیپاٹولوجی اینڈ نیوٹریشن کے پروفیسر ڈاکٹر حسن سلیمان ملک اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حوریہ رحمان سمیت ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز نے شرکت کی۔
پروفیسر محمد شاہد نے کہا کہ بچوں میں جگر کے امراض کی بروقت تشخیص، جدید خطوط پر علاج اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں خصوصاً وائرل ہیپاٹائٹس کے حوالے سے والدین اور معاشرے میں شعور اجاگر کرنا ہوگا تاکہ بیماری کی بروقت تشخیص اور منتقلی کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن سلیمان ملک اور ڈاکٹر حوریہ رحمان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بچوں میں ہیپاٹائٹس کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر کو روزمرہ زندگی اور طبی نظام کا مستقل حصہ بنانا ہوگا نومولود اور شیرخوار بچوں کو ہیپاٹائٹس بی کی بروقت ویکسینیشن بیماری سے بچا ؤ کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل اورصاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی کے اصولوں پر عملدرآمد اور استعمال شدہ سرنجوں و طبی آلات کی محفوظ تلفی بھی انتہائی ضروری ہے
میڈیا سے گفتگو میں ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے کہا کہ غیر محفوظ سرنجوں اور طبی آلات کا استعمال ہیپاٹائٹس کی منتقلی کی اہم وجوہات میں شامل ہے ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کے مؤثر اصولوں پر سختی سے عملدرآمد، طبی آلات کا محفوظ استعمال اور عوام میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شعور اجاگر کر کے بیماری کے پھیلاؤ کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بچوں میں جگر کے امراض کی بروقت تشخیص اور مناسب علاج کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات پر یکساں توجہ دی جائے سیمینار میں پیڈیاٹرک لیور کیئر کو مزید فعال بنانے، طبی ماہرین کے درمیان علمی و تحقیقی رابطے بڑھانے اور بچوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا عزم ظاہر کیا گیا۔