جنرل ہسپتال

فزیوتھراپی ادویات اور سرجری کے بغیر صحت مند زندگی کی ضمانت: ایم ایس جنرل ہسپتال

لاہور08ستمبر(زاہد انجم سے) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے فزیوتھراپی کو طب کا خاموش انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ طریقہ علاج ادویات اور سرجری کے بغیر مریضوں کو صحت مند زندگی کی ضمانت فراہم کرتا ہے جبکہ فالج، کمر درد، جوڑوں کے امراض، کھیلوں کی چوٹیں اور مختلف حادثات کے بعد مریض کی مکمل بحالی میں فزیوتھراپی کی اہمیت مسلمہ ہے بروقت اور معیاری فزیوتھراپی علاج سے نہ صرف درد کا خاتمہ ممکن ہوتا ہے بلکہ مریض اپنی روزمرہ سرگرمیاں بھی دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ فزیوتھراپی کے زیرِ اہتمام ورلڈ فزیوتھراپی ڈے کے موقع پر آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا واک کا بنیادی مقصد شہریوں میں یہ شعور بیدار کرنا تھا کہ فزیوتھراپی صرف معذوری سے نمٹنے کا نام نہیں بلکہ صحت مند اور فعال زندگی کے لیے بھی اتنی ہی ضروری ہے،واک میں شعبہ فزیوتھراپی کے سربراہ ڈاکٹر حافظ اعجاز احمد برق،ڈاکٹر جعفر حسین شاہ، ڈاکٹر علینہ وڑائچ، سید مظہر حسین، دیگر ڈاکٹرز، فیزیوتھراپسٹس، نرسز، میڈیکل اور فزیوتھراپی کے طلبہ و طالبات سمیت ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے”حرکت میں برکت ہے”اور”فزیوتھراپی اپنائیں، معذوری کو بھگائیں “جیسے نعروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی اور شہریوں کو فزیوتھراپی کے طبی فوائد سے تفصیل سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر حافظ اعجاز احمد برق نے بتایا کہ جنرل ہسپتال کا شعبہ فزیوتھراپی جدید ترین آلات اور تربیت یافتہ عملے سے لیس ہے جہاں روزانہ مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا ویژن ہے کہ فزیوتھراپی کو علاج کے ابتدائی مرحلے میں شامل کیا جائے تاکہ مریضوں کو طویل بیماری اور سرجری کی نوبت سے بچایا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو میں ایم ایس نے شعبہ فزیوتھراپی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز معاشرے میں صحت مند رویوں کو فروغ دیں گے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ہسپتال انتظامیہ اس شعبے کو مزید وسعت دے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں