لاہور11 ستمبر(زاہد انجم سے)حکومت پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کے نیو نیٹل نیورولوجی یونٹ (این این یو) میں فائر سیفٹی اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں نوزائیدہ بچوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے یونٹ میں جدید حفاظتی آلات اور ہنگامی نظام فعال کر دیا گیا ہے
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں سمیت تمام مریضوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہسپتال میں فائر سیفٹی کے تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے بتایا کہ این این یو میں ہنگامی اخراج کے لیے فائر سیفٹی ایگزٹ ڈور، مکمل فائر کٹس، جدید فائر ایکسٹنگوئشرز، فائر بالز، فائر بلینکیٹس اور فائر ماسکس کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے جبکہ سموک الارمز اور آکسیجن سینسرز بھی 24 گھنٹے فعال ہیں
پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ بائیو میڈیکل اور الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹس کے انجینئرز طبی و برقی آلات کی باقاعدگی سے جانچ اور مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ تکنیکی خرابی یا شارٹ سرکٹ کے خطرے کا بروقت تدارک کیا جا سکے ہنگامی اخراج کے راستوں کا روزانہ معائنہ کیا جاتا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی بھی جاری ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل کیلئے این این یو کے عملے کی عملی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اس مقصد کیلئے باقاعدگی سے فائر ڈرلز اور ہنگامی مشقیں کروائی جاتی ہیں تاکہ عملہ کسی بھی صورتحال میں نوزائیدہ بچوں اور دیگر مریضوں کو محفوظ طریقے سے منتقل کر سکے
اس موقع پر ڈاکٹر فائزہ خالد نے بتایا کہ این این یو میں 47 بیڈز موجود ہیں جہاں نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کے لیے 24 گھنٹے تربیت یافتہ ڈاکٹرز، نرسز و پیرا میڈکس خدمات انجام دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی سمیت مریضوں کے تحفظ سے متعلق تمام حفاظتی اقدامات کو باقاعدگی سے چیک کیا جاتا ہے ڈاکٹر سندس طاہر نے کہا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ایس او پیز کے مطابق این این یو میں روزانہ کی بنیاد پر حفاظتی اور طبی انتظامات کا جائزہ لیا جاتا ہے جبکہ نوزائیدہ بچوں کو بہترین اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔