ایل جی ایچ

ایل جی ایچ: پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کی ریٹائر ہونیوالے12 ملازمین کیلئے الوداعی تقریب

لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ کسی بھی ہسپتال کا نظام احسن طریقے سے چلانے،مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ خوشگوار ماحول مہیا کرنے کے لئے ٹیم ورک اور مربوط کوششیں ناگزیر ہیں جس کے لئے انتظامی ڈاکٹرز سے لے کر ایک عام میڈیکل ورکر تک کو فرض شناسی، ایماندار ی اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوتی ہیں تب کہیں جا کر میڈیکل پروفیشن کے معیار پر پورا اترتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن لاہور جنرل ہسپتال /پنز کے زیر اہتمام سرکاری ملازمت سے ریٹائرہونے والے 12ملازمین کے اعزا زمیں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ صوبائی صدر ایسوسی ایشن رانا پرویز و دیگر عہدیداروں نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

اس موقع پر ای ڈی پنز پروفیسر آصف بشیر،ایم ایس ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل، نرسنگ آفیسر رضیہ شمیم، شازیہ کوثر اور صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حسیب تھنڈ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کی طرف سے ریٹائر ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کر نا نہ صرف اُن کی عزت افزائی ہے بلکہ ایک خوبصورت روائت کا تسلسل بھی ہے جسے آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے مذکورہ ملازمین کے لئے یہ اہتمام کر کے ایک اچھے سلسلے کو آگے بڑھایا جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

صوبائی صدر ایسوسی ایشن رانا پرویز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال آنے والے مریضوں اور اُن کے لواحقین کی دیکھ بھال اور متعلقہ شعبوں تک رہنمائی کرنے میں پیرا میڈیکل سٹاف بہت اہم کردار ادا کرتا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی متعلقہ شعبے تک رسائی ممکن ہوتی ہے اور انہیں بر وقت علاج معا لجے کی سہولیات میسر آتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیرا میڈیکل سٹاف کے ممبران دکھی انسانیت کی خدمت میں ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ اپنے فرائض منصبی جاں فشانی کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے اور ہسپتال کے نظام و نسق میں اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوں گے۔

پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہسپتالوں میں قائم سٹاف کی ویلفئیر ایسوسی ایشنز اور تنظیمیں مثبت سرگرمیوں کے لئے مریضوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ہسپتال کے امور کو بہتر چلانے میں کردار ادا کریں تو اُن کے یہ اقدام عبادت بن جاتے ہیں کیونکہ سب سے زیادہ نیکی دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔

انہوں نے طب سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ زخموں سے چور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر کر اپنی دنیا اور آخرت سنواریں اور بیماروں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آیا کریں جبکہ پروفیسر الفرید ظفر نے ریٹائرہونے والے ملازمین کے لئے نیک تمناؤں اور درازی عمر کی دعا کی۔اُن کا کہنا تھا کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین ہسپتال کی فیملی کا حصہ ہیں اور ہمارے دروازے ہمیشہ اُن کے لئے کھلے رہیں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ہسپتال انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ 60سال کی عمر میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن و دیگر واجبات کے لئے کسی قسم کی تاخیر نہ برتیں تاکہ انہیں کسی مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہونے والے ملازمین نے پر وقار تقریب کے انعقاد پر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر رانا پرویز اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اُن کی زندگی کے خوشگوار لمحات ہیں جنہیں وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ تقریب میں صوبائی دار الحکومت کے ہسپتالوں کے پیرا میڈیکل سٹاف ایسویشن کے رہنماؤں،ایپکا یونٹ جنرل ہسپتال کے عہدیداران، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلزسمیت آفتاب وارث، امانت علی، شہزاد روشن، مجید راج، عامر جاوید و دیگر بڑی تعداد میں موجودتھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں