لاہور، 2 ستمبر(زاہد انجم سے)صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے لاہور جنرل ہسپتال میں کالج آف نرسنگ، امیر الدین میڈیکل کالج کی بی ایس نرسنگ کی پہلی کانووکیشن تقریب میں بی ایس نرسنگ کی پائیونیر بیچ کی 96 فارغ التحصیل طالبات میں اسناد اور مختلف اعزازات تقسیم کیے جبکہ پہلی پوزیشن ہولڈر طالبہ کو صوبائی وزیر قانون نے ذاتی طور پر پچاس ہزار روپے نقد انعام دیا۔

تقریب میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، پرنسپل کالج آف نرسنگ ثمینہ کوثر، رجسٹرار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کرن فاطمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر نرسنگ شاہین کوثر، پروفیسر آمنہ احسن چیمہ، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر سندس طاہر، ڈاکٹر نادیہ ارشد، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ صائمہ فتح، انتظامی ڈاکٹرز، اساتذہ، والدین اور طالبات نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے پائیونیر بیچ کی تمام طالبات، ان کے والدین، اساتذہ اور کالج انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کے لیے خوشی اور فخر کا موقع ہے۔ طالبات کو صرف ڈگری نہیں مل رہی بلکہ وہ علم، مہارت، ذمہ داری اور انسانیت کی خدمت کا عہد لے کر عملی زندگی میں قدم رکھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالج آف نرسنگ کی پہلی فارغ التحصیل جماعت ہونے کے باعث پائیونیر بیچ کی طالبات پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ آنے والی نسلیں انہیں اس ادارے کی پہلی مثال کے طور پر دیکھیں گی، اس لیے پائیونیر ہونا صرف اعزاز نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔
صوبائی وزیر قانون نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عملی زندگی کے چیلنجز سے گھبرانے کے بجائے اپنے مقصد کو ہمیشہ سامنے رکھیں۔ ان کا مقصد صرف اچھی ملازمت کا حصول نہیں بلکہ اپنے علم، صلاحیت اور کردار کے ذریعے دکھی انسانیت کے لیے آسانی، امید اور سکون پیدا کرنا ہونا چاہیے۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج آف نرسنگ کی پہلی بی ایس نرسنگ بیچ کی کامیاب تکمیل ادارے کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبات کی تعلیم و تربیت میں تمام متعلقہ شعبوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے والدین کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طالب علم کی کامیابی کے پیچھے والدین اور اساتذہ کی محنت، قربانیاں اور مسلسل تعاون شامل ہوتا ہے۔ والدین نے اپنی بیٹیوں کی تعلیم اور تربیت میں بھرپور کردار ادا کیا، جس کے باعث آج وہ اس اہم سنگِ میل تک پہنچی ہیں۔
پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے پائیونیر بیچ کی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی کامیابی طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے نظام میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور بہترین تربیت یافتہ نرسنگ اسٹاف مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
پرنسپل کالج آف نرسنگ ثمینہ کوثر نے کالج کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں اور طالبات کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ رجسٹرار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کرن فاطمہ نے فارغ التحصیل طالبات سے پیشہ ورانہ حلف لیا۔
تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے بی ایس نرسنگ کی پائیونیر بیچ کی 96 فارغ التحصیل طالبات میں اسناد اور مختلف اعزازات تقسیم کیے۔