لاہور 25اگست(زاہد انجم سے)مخیر حضرات نے انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال میں گردوں کے مرض میں مبتلا افراد کے ایمرجنسی ڈائیلاسز کے لیے 4 جدید مشینیں اور 2 آر او (RO) پلانٹ عطیہ کیے ہیں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے نئی مشینوں اور جدید سہولیات کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دردِ دل رکھنے والے افراد کی کمی نہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ڈائیلاسز کی اس جدید سہولت سے مریض طبی پیچیدگیوں سے محفوظ رہیں گے اور انہیں طویل انتظار کی زحمت بھی نہیں اٹھانا پڑے گی۔
افتتاحی تقریب میں ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر آف نیفرولوجی ڈاکٹر عباد الرحمن، پروفیسر فرح شفیع، پروفیسر ندرت سہیل، پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر جودت سلیم، پروفیسر خرم سلیم، پروفیسر حسن سلیمان ملک، ڈاکٹر یاسر حسین، ڈاکٹر روشینا انجم، ڈاکٹر ساجد اقبال،ڈاکٹر آسیہ نور، ڈاکٹر قرۃ العین اور ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ’ہیلتھ ویژن پروگرام‘ کے تحت گزشتہ سال ایل جی ایچ میں 18 ہزار سے زائد مریضوں کے بالکل مفت ڈائیلاسز کیے گئے۔
پروفیسر عباد الرحمن نے آگاہ کیا کہ ڈائیلاسز یونٹ کی اپ گریڈیشن، ایمرجنسی مشینوں کی فراہمی اور دیگر سہولیات کیلئے مخیرشخصیات نے 95لاکھ روپے کے عطیات دئیے ہیں نیز پنجاب حکومت کی جانب سے بھی 3 جدید ایچ ڈی ایف ڈائیلاسز مشینیں فراہم کی گئی ہیں اور ڈائیلاسز کے دوران ہیلتھ کیئر کمیشن کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا گیا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو انفیکشن سے بچانے کے لیے الگ مشینیں، علیحدہ راستے اور مخصوص دروازے کا انتظام کیا گیا ہے علاوہ ازیں، ہیلتھ پروفیشنلز کی تعلیم و تربیت کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ کلاس روم کو ڈیجیٹل لائبریری اور ملٹی میڈیا سے لیس کر دیا گیا ہے جبکہ مریضوں کے لواحقین کی آسانی کے لیے ایئر کنڈیشنڈ ویٹنگ ایریا بھی قائم کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے تعاون اور نیفرولوجی ڈیپارٹمنٹ کی شبانہ روز کاوشوں پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ہیڈ آف نیفرولوجی پروفیسر عباد الرحمن اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی انہوں نے کہا کہ ڈائیلاسز سینٹر کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنا اور دکھی انسانیت کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہنا ایک انتہائی قابلِ تقلید اقدام ہے۔ اس موقع پر پروفیسر فاروق افضل نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ’ڈائیلاسز فری پروگرام‘ کی آگاہی کے لیے ہسپتال میں نمایاں بینرز آویزاں کیے جائیں تاکہ عوام الناس اس مفت سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
مزید برآں، پرنسپل ایل جی ایچ نے گزشتہ سال کے مفت ڈائیلاسز کا ریکارڈ بہترین انداز میں برقرار رکھنے پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر آسیہ نور کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خصوصی طور پر سراہا اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔