جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال: نرسنگ ہاسٹل میں جدید آر او پلانٹ اور کلاس روم فعال، 100 کرسیوں کی فراہمی

لاہور11اگست(زاہد انجم سے) جنرل ہسپتال میں نرسنگ طالبات کی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام کیا گیا ہے جس کے تحت ہاسٹل میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے جدید آر او پلانٹ اور تدریسی امور کو بہتر بنانے کے لیے نئے کلاس روم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا جبکہ 100 جدید کرسیاں بھی ہاسٹل انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی ہیں یہ تمام فلاحی اقدامات مخیر حضرات کے تعاون سے مکمل کیے گئے ہیں۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ان سہولیات کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، ادریس رانا، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر سندس طاہر، ثمر ناز، صائمہ فتح، نرسنگ انسٹرکٹرز اور نرسنگ سٹاف کی کثیر تعداد موجود تھی۔ افتتاح کے بعد پرنسپل نے نئے کلاس روم اور آر او پلانٹ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ ہاسٹل میں آر او پلانٹ کی تنصیب سے نرسز کو صاف اور صحت بخش پانی میسر آئے گا جس سے ان کی صحت کے معیارات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کی تعلیم و تربیت کے معیار کو بلند کرنے کے لیے اٹھائے گئے یہ اقدامات دور رس نتائج برآمد کریں گے اور شعبہ صحت کو انتہائی قابل و پیشہ ورانہ عملہ میسر آئے گا۔

پرنسپل نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ نرسنگ کی تعلیم و تربیت کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے اس مقدس شعبے میں کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا اس لیے طالبات شارٹ کٹ کے بجائے تفصیلی اور مکمل تعلیمی عمل پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ عملی زندگی میں مریضوں کی بہترین دیکھ بھال ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک تربیت یافتہ نرس ہی مریض اور ڈاکٹر کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے اور علاج معالجے کے نظام کو کامیاب بناتی ہے۔

پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے مخیر حضرات کے جذبہ خیر کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات اس عزم کا مظہر ہیں کہ ایل جی ایچ نرسنگ کی تعلیم، تربیت اور رہائشی سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نرسنگ پروفیشن ہی کسی بھی صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور طالبات کو وہ تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے جن سے وہ ماہر نرس بن کر قوم کی خدمت کا فخر حاصل کر سکیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں