روٹی پلانٹ

جنرل ہسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں جدید روٹی پلانٹ کا افتتاح، پروفیسر فاروق افضل نے کیا

لاہور 28اپریل(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے لاہور جنرل ہسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں جدید اور خودکار ”روٹی پلانٹ” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد نرسز اور نرسنگ طالبات کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری اور بروقت خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

پرنسپل کالج اف نرسنگ ثمینہ کوثر فکلٹی ممبران نرسنگ آفیسرز اور طالبات تقریب میں موجود تھیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ ایل جی ایچ نرسنگ کی تعلیم و تربیت کا ایک ممتاز مرکز ہے، جہاں گزشتہ 64 برسوں سے پیشہ ورانہ مہارت اور خدمتِ انسانیت کے جذبے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے فارغ التحصیل نرسز دنیا بھر میں اپنے ادارے اور ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نرسز صحت کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، جو دن رات مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف رہتی ہیں۔ ان کے لیے محفوظ رہائش، پرسکون ماحول اور معیاری خوراک کی فراہمی کالج انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ جدید روٹی پلانٹ کی تنصیب سے ہاسٹل میں مقیم نرسز اور طالبات کو تازہ، صاف اور معیاری خوراک بروقت دستیاب ہوگی، جس سے ان کی روزمرہ زندگی میں سہولت پیدا ہوگی اور وہ زیادہ یکسوئی کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں گی۔افتتاح کے بعد انہوں نے روٹی پلانٹ کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور صفائی، معیار اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ نرسنگ سٹاف کا مورال بلند رکھنا اور انہیں جدید سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ ایک مطمئن نرس ہی مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کر سکتی ہے۔پرنسپل نے نرسنگ طالبات کو یقین دلایا کہ ہاسٹل کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ نرسز اور طالبات نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے اپنی فلاح و بہبود کے لیے ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں