جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں پنکھا ہیٹ اپ ہونے سے دھواں، عملے نے 10 منٹ میں قابو پا لیا

لاہوریکم ستمبر(زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال کے گائنی یونٹ میں پلاسٹک کا پنکھا ہیٹ اپ ہو کر دھواں اٹھنے کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جسے ہسپتال کے عملے نے اپنی بروقت حکمت عملی اور ذہانت سے محض 10 منٹ میں قابو پا لیا واقعہ کی خبر ملتے ہی پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین اور پروفیسر آف گائنی پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل خود موقع پر پہنچ گئے جس کمرے میں یہ واقعہ پیش آیا وہاں صرف چار بیڈز موجود تھے، جن میں سے دو پر مریض داخل تھے جبکہ باقی دو خالی تھے۔

عملے کی بلا تاخیر کارروائی کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور دونوں مریضوں کو فوراً محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا، جس کے باعث 70 مریضوں کو ریسکیو کرنے کی باتیں حقیقت کے منافی ہیں۔

ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر گزشتہ ایک ہفتے سے ہسپتال کے عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت دی جا رہی تھی اسی وجہ سے اس دھوئیں پر فوری طور پر قابو پایا جا سکا۔ اس موقع پر ایم ایس نے مریضوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے والے سیکیورٹی گارڈ حامد کی بہادری کو سراہتے ہوئے اسے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جان بچانے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مریضوں کی حفاظت اور جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام شعبوں میں حفاظتی ایس او پیز پر مکمل سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔

ایم ایس نے تمام شعبوں میں بجلی کی تاروں اور دیگر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں نے متاثرہ روم کا معائنہ کیا جہاں واضح ہوا کہ وہاں 70 بیڈز موجود نہیں تھے جبکہ انہوں نے مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات پر بھی مکمل اطمینان کا اظہار کیا، ہیلتھ پروفیشنلز کو علاج معالجہ میں مصروف پایا، نیز مریضوں و لواحقین نے بھی ہسپتال انتظامیہ کے بروقت ایکشن کو سراہا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں