لاہور ( ایجوکیشن ڈیسک)پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف پنجابی اینڈ کلچرل سٹڈیز اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سنٹر فار لینگویجز اینڈ ٹرانسلیشنزسٹڈیز کے درمیان تعلیم و تحقیق میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔
اس سلسلے میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کے آفس میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پروائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،وائس چانسلرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر ناصر محمود، ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر غلام معین الدین نظامی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف پنجابی اینڈ کلچرل سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمٰن ودیگر نے شرکت کی۔
معاہدے کے مطابق، دونوں ادارے اساتذہ و طلباء کے تعلیمی تجربات کو تقویت دینے کے لیے مختلف شعبوں میںتعاون کریں گے۔دونوں ادارے مشترکہ طور پر تحقیقی منصوبوں، سیمینارز، کانفرنسوں، ورکشاپس، پبلیکیشنز اور فیکلٹی اور طلباء کی سہولت کے لیے ڈیٹاکے تبادلے پر کام کریں گی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے دونوں اداروں کو مبارکبادپیش کی اور امید ظاہر کی کہ ایم او یو کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔