لاہور18 اگست(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا ہے کہ لائبریری سے مضبوط تعلق طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں سے باخبر رہنے کے لیے ماحول فراہم کرتا ہے جدید طرز پر بنائی گئی سٹیٹ آف دی آرٹ لائبریری میڈیکل طلبہ کی علمی پیاس بجھانے اور تحقیق کی جستجو کے حصول کے لیے بہترین مددگار ثابت ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی جی ایم آئی میں سٹیٹ آف دی آرٹ اپ گریڈ لائبریری کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈین ڈاکٹر شائستہ مبین، پروفیسر فرحان رشید، پروفیسر فیصل، اور ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت فیکلٹی ممبران، سینئر ڈاکٹرز اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے زور دیا کہ طب کا شعبہ مسلسل پیش رفت اور جدید تحقیق کا متقاضی ہے میڈیکل پروفیشن سے وابستہ افراد کے پاس جتنا وسیع علمی ذخیرہ اور تازہ ترین معلومات ہوں گی وہ نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ مقام کو بلند کر سکیں گے بلکہ مریضوں کی درست اور بروقت تشخیص کے ساتھ بہترین علاج کے ذریعے انسانیت اور قوم کی حقیقی خدمت بھی سرانجام دے سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طبی تعلیمی اداروں میں موجود لائبریریوں، جدید کتب، بین الاقوامی طبی جرائد اور ڈیجیٹل وسائل کا بھرپور استعمال ہر طالب علم اور نوجوان ڈاکٹر کی بنیادی ذمہ داری ہے اپ گریڈ شدہ لائبریری طلبہ میں ریسرچ کلچر، کلینیکل لرننگ اور ایویڈنس بیسڈ میڈیسن کے رجحان کو فروغ دے گی، جس سے ان کی علمی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور ملک میں طبی تعلیم کا معیار مزید بلند ہوگااس جدید لائبریری میں 7,000 سے زائد طبی کتب اور ڈیجیٹل ریسرچ کے لیے 30 جدید ترین کمپیوٹرز فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ روزانہ 100 سے زائد طلبہ و طالبات اس سے استفادہ کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل پی جی ایم آئی نے لائبریری کے مختلف شعبوں، 30 کمپیوٹرز پر مشتمل ڈیجیٹل سیکشن اور مطالعاتی ہالز کا معائنہ کیا اور فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شرکت کرنے والے تمام ڈاکٹرز اور طلبہ نے ادارے میں اس جدید سہولت کی فراہمی پر انتظامیہ کو سراہا۔