جنرل ہسپتال

امیر الدین میڈیکل کالج، جنرل ہسپتال میں “لیڈرشپ ان ہیلتھ کیئر” ورکشاپ

لاہور10جولائی(زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا ہے کہ طبی تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں حقیقی انقلاب جدید مشینری یا عمارتوں سے نہیں بلکہ مضبوط، بصیرت افروز اور ٹرانسفارمیشنل لیڈرشپ سے آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال چلانے سے بڑا چیلنج ہیلتھ کیئر سسٹم میں ایسے قابل اور با صلاحیت اساتذہ اور معالج پیدا کرنا ہے جو لیڈر شپ کی خوبیاں رکھتے ہوں اور نوجوان ڈاکٹرز میں پروفیشنلز م کو پروموٹ کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر الدین میڈیکل کالج، ایل جی ایچ کے شعبہ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام 2026 کے تحت منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ “لیڈرشپ ان ہیلتھ کیئر” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ کا بنیادی مقصد فیکلٹی ممبران کو صرف بہترین معالج ہی نہیں بلکہ مؤثر قائد بھی بنانا تھا تاکہ وہ اداروں کی ترقی، طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی اعلیٰ ترین دیکھ بھال میں فعال اور مثالی کردار ادا کر سکیں۔

پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر سیکٹر میں لیڈرشپ کا مفہوم محض انتظامی امور چلانا نہیں بلکہ ٹیموں میں حوصلہ پیدا کرنا نئی سوچ کو فروغ اور ایسا ماحول تشکیل دینا ہے جہاں تعلیم و تحقیق اور مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کو مساوی اہمیت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کا ہیلتھ کیئر سسٹم تبھی ممکن ہے جب ڈاکٹروں کو بہترین معالج کے ساتھ ساتھ بہترین قائد بھی بنایا جائے۔ میڈیکل ایجوکیشن کے ممتاز ماہرین پروفیسر ڈاکٹر سمیر ریاض قاضی اور پروفیسر مہوش عروج نے مختلف سیشنز میں شرکاء کو ہیلتھ کیئر سیکٹر کی جدید لیڈرشپ حکمتِ عملیوں، مؤثر ابلاغ، ٹیم ورک، تنازعات کے حل اور ہسپتال کے پُرفشار ماحول میں بروقت فیصلہ سازی کے عملی گر سکھائے۔

پروفیسر ڈاکٹر سامر ریاض قاضی اور پروفیسر مہوش عروج نے کہاکہ لیڈرشپ کوئی عہدہ نہیں بلکہ ایک طرزِ عمل ہے۔ اس کیلئے وسیع نظر، دیانت داری اور ہمدردی بنیادی اوصاف ہیں۔ ٹرانسفارمیشنل لیڈرشپ ہی طبی ماہرین کو جدید چیلنجز سے نمٹنے اور نظام میں پائیدار بہتری لانے کی کلید ہے۔پروگرام کی چیف آرگنائزر پروفیسر آمنہ احسن چیمہ نے کہا کہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کا مقصد اساتذہ کو بااختیار بنا کر طبی تعلیم کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا ہے۔

ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم اظہار کیا کہ وہ یہاں حاصل کردہ علم اور اصولوں کو اپنے متعلقہ شعبوں میں عملی جامہ پہنائیں گے، تعلیمی معیار کو مزید بلند کریں گے اور ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کو زیادہ بہتر اور مثالی بنائیں گے۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، فیکلٹی ممبران، ڈاکٹر سائرہ ذیشان سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں