لاہور(زاہد انجم سے)اپنی ریٹائرمنٹ سے محض 15دن قبل خالق حقیقی سے جا ملنے والی ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رمضان بی بی کی نماز جنازہ پیر کے روز لاہور جنرل ہسپتال کے گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی جہاں مرحومہ کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے مرحومہ کے اہل خانہ اور نرسنگ سٹاف سے گفتگو میں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بی بی نے دوران ملازمت نرسنگ کے شعبے کی ترقی اور نرسز کی تعلیم و تربیت کے لئے جاں فشانی اور پیشہ وارانہ لگن سے فرائض منصبی سر انجام دیے بالخصوص کورونا اور ڈینگی وبا کے دوران مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی اور رمضان بی بی کی خدمات کو نرسنگ کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

اس موقع پر پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ کی انسٹرکٹرز، صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں کی نرسنگ انتظامیہ،پرنسپل نرسنگ کالج مسز میمونہ ستار، صدر وائی این اے خالدہ تبسم و نرسنگ سٹاف و ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق وفات پانے والے سرکاری ملازمین کی گرانٹ میں اضافے کے تحت مرحومہ رمضان بی بی کے لواحقین کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مالی امداد کی گرانٹ کے لئے 2کروڑ روپے کا کیس بلا تاخیر صوبائی حکومت کو ارسال کیا جائے گااور جلد از جلد مالی امداد کی منظوری اور قانونی امور کی انجام دہی کے لئے ڈاکٹر لیلیٰ شفیق معاونت کریں گی تاکہ مرحومہ کے ورثاکو کسی قسم کی معاشی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نماز جنازہ میں سینئر پروفیسرز، ڈاکٹرز، صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حسیب تھند،صدر الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز جنید میو،صدر پاکستان ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن رانا پرویز سمیت ایپکا کے عہدیداران و ملازمین بھی بڑی تعداد میں موجود تھی جبکہ مرحومہ کی نماز جنازہ اٹھاتے وقت نرسیں آشکبار اور غم سے نڈھال دکھائی دیں جبکہ رمضان بی بی کی درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔