جنرل ہسپتال

نرسز صحت کے نظام کی مضبوط بنیاد اور انسانیت کی روشن علامت ہیں: پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل

لاہور 11 مئی(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نرسز صحت کے نظام کی مضبوط بنیاد، مریضوں کے اعتماد اور انسانی ہمدردی کی روشن علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ خدمتِ انسانیت کا عظیم مشن ہے جس میں جذبہ ایثار، صبر، شفقت اور پیشہ ورانہ مہارت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات، ہنگامی صورتحال اور طویل ڈیوٹی اوقات میں بھی نرسنگ کمیونٹی جس ذمہ داری، خلوص اور عزم کے ساتھ خدمات انجام دیتی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نرسز ہسپتالوں میں علاج معالجے کے مؤثر نظام، مریضوں کے اعتماد کی بحالی اور طبی سہولیات کی بہتر فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ طبی شعبے میں ان کی خدمات کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ جدید طبی نظام میں نرسز کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔ ایک مضبوط، محفوظ اور بااختیار نرسنگ فورس ہی معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت مند معاشرے کی ضمانت بن سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نرسنگ سٹاف کی پیشہ ورانہ تربیت، فلاح و بہبود اور بہتر ورکنگ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے نرسنگ کے عالمی دن کے موقع پر تمام نرسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے اس مقدس مشن میں نرسز کا کردار ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں