میڈیکل کالج

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج سے سوسائٹی آف سرجنز کے عہدیداروں کی ملاقات، تعلیم و تربیت پر تبادلہ خیال

لاہور21اپریل(ہیلتھ رپورٹر) پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ سرجنز برادری کی جانب سے ریفارمز پینل پر اعتماد خوش آئند ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ سوسائٹی آف سرجنز کے نومنتخب صدر پروفیسر فاروق احمد رانا اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احمد نعیم اختر کی قیادت میں تمام عہدیداران ہیلتھ پروفیشنلز کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوسائٹی آف سرجنز کے نو منتخب عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایسو سی ایشن کے وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر اویس امجد ملک، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عامر جمیل، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر حافظ محمود، پبلیکیشن سیکرٹری ڈاکٹر زبیر احمد خان سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ سوسائٹی کے عہدیداران میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے اصولوں کو یقینی بنائیں گے کیونکہ پیشہ ورانہ دیانتداری کو برقرار رکھتے ہوئے بغیر کسی دباؤ کے فیصلے کرنا ہی کسی بھی ادارے کی ساکھ کو مضبوط بناتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے مزید کہا کہ نومنتخب قیادت سے توقع ہے کہ وہ نوجوان سرجنز کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی اور ان کے درپیش پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کا پلیٹ فارم نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، جس کے لیے ایک مربوط اور جامع حکمتِ عملی اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

پروفیسر فارو ق افضل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میڈیکل شعبے میں پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنے، جدید طبی تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی پروگرامز کے انعقاد اور تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے سوسائٹی آف سرجنز کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نومنتخب ٹیم اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت سے سرانجام دیتے ہوئے ملک میں سرجری کے شعبے کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔اس موقع پر سوسائٹی آف سرجنز کے عہدیداران نے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کو یقین دلایا کہ وہ ان کی رہنمائی میں مثبت اور انقلابی تبدیلیاں لانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں