کانفرنس

”چراغِ راہ کانفرنس” علم و عمل کا سنگ میل، امیر الدین میڈیکل کالج میں شاندار انعقاد

لاہور 4نومبر(زاہد انجم سے)امیر الدین میڈیکل کالج کے زیرِ اہتمام پہلی ”چراغِ راہ کانفرنس” کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس کا مرکزی موضوع ”عمل سے زندگی بنتی ہے” رکھا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد نوجوان ڈاکٹروں اور طلبہ میں علم کے ساتھ عمل اور خدمتِ خلق کا جذبہ بیدار کرنا ہے، کیونکہ یہی وہ چراغ ہے جو طبی پیشے کی اصل روح کو روشن کرتا ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی سابق پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عبدالمجید چوہدری تھے جبکہ میزبانی کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے سر انجام دئیے۔ کانفرنس کی چیف ارگنائزر پروفیسر آمنہ احسن چیمہ نے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں ملک بھر سے معروف ماہرینِ طب اور اساتذہ نے شرکت کی، جن میں وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری، پرنسپل سی ایم ایچ میڈیکل کالج میجر جنرل (ر) ڈاکٹر سلمان سلیم، سابق ڈین آف سرجری شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر معید اقبال قریشی، اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر ڈاکٹر اصف بشیر شامل تھے۔

مقررین نے اپنے لیکچرز میں علم و عمل کے باہمی تعلق، میڈیکل شعبے میں اخلاقیات کی اہمیت اور جدید تحقیق کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کامیاب معالج اپنی پہچان علم سے نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اور عملی کردار سے بناتا ہے۔کانفرنس کے مرکزی موضوع ”عمل سے زندگی بنتی ہے” پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ علم اگر روشنی ہے تو عمل اس کا ایندھن۔ جب علم، تحقیق اور اخلاقیات ایک ساتھ چلیں تو زندگی میں نکھار اور معاشرے میں روشنی پیدا ہوتی ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جو“چراغِ راہ”نسلِ نو کے لیے چھوڑ گیا کہ زندگی کا اصل حسن علم میں نہیں، عمل میں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ ایسی علمی سرگرمیاں طلبہ کے لیے سیکھنے کے نئے دروازے کھولتی ہیں اور میڈیکل اداروں کے درمیان علمی تعاون کو فروغ دیتی ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے تمام منتظمین، طلبہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ“چراغِ راہ”مستقبل میں بھی علم و عمل کی روشنی پھیلانے کا ذریعہ بنے گی۔اختتام پر مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز اور شرکاء کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔کانفرنس میں فیکلٹی ممبران، پروفیسر نازش ثقلین،ڈاکٹر شائستہ مبین، ڈاکٹر سائرہ ذیشان، پرنسپل نرسنگ کالج ثمر ناز کنول، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ صائمہ فتح، ڈاکٹر نادیہ ارشد،میڈیکل طلبہ، نرسنگ سٹاف اور ہیلتھ پروفیشنلز بڑی تعداد میں موجود تھے۔
٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں