پروفیسر الفرید ظفر

الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز میڈیکل کئیر کا لازمی جزو، دیکھ بھال میں برابر کا حصہ ہے:پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز میڈیکل کئیر اور طبی شعبے کا لازمی جزو ہیں جن کے موثر کردار کے بغیر کسی بھی ہسپتال کا نظام، مریضوں کا علاج معالجہ اور دیکھ بھال کے تقاضے پورے نہیں ہو سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کا مریضوں کی تیمارداری اور اُن کی جلد صحت یابی میں میں برابر کا حصہ ہوتا ہے اور یہ ہر ہسپتال کے لئے ایک اہم ستون تصور کیے جاتے ہیں جو اپنی صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ مہارت کے بل بوتے پر شعبے کا نام روشن کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز لاہور جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرنسپل کالج آف آفتھامولوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز میو ہسپتال پروفیسر محمد معین، صدر ایسوسی ایشن جنید میو،چیئرمین سلیم ساہی، جنرل سیکرٹری سید مظہر شاہ سرپرست اعلیٰ،،عارف بٹر، ڈاکٹر مسعود اختر شیخ، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر جاوید ممتاز، سید اظہر عباس سمیت انتظامی ڈاکٹرز اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کو میڈیکل ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنے کیلئے کافی محنت کرنا پڑتی ہے اور وہ صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی بھی دیگر پروفیشنل سے کم نہیں جس کی واضح مثال ایل جی ایچ کے ایک سابق ہونہار ریڈیو گرافر بلال رمضان کی ہے جس نے اپنی خداداد صلاحیتوں اور ذہانت کے بل بوتے پر فزکس میں ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگر ی حاصل کر کے نہ صرف اپنے ادارے بلکہ ملک کا بھی نام روشن کیا ہے اور الائیڈ ہیلتھ پروفشنلز کے شعبے کو چار چاند لگا دیے ہیں جو دیگر ملازمین کیلئے حوصلہ افزا اور قابل تقلید ہے۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج کا کہنا تھا کہ ہیلتھ پروفیشنلز نے ملک میں آنے والی کسی بھی وبا کے دوران شاندار خدمات سر انجام دی ہیں اور جنرل ہسپتال کا طبی سٹاف بھی کسی سے پیچھے نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ طب کے شعبہ کی یہ خوبی ہے کہ اس سے وابستہ افراد نہ صرف دنیاوی لحاظ سے عزت، شہرت اور مالی مفادات حاصل کرتے ہیں بلکہ انہیں دائمی خوشی و آخرت میں اجرعظیم کے طور پر حاصل ہوگی۔پروفیسر الفرید ظفر نے ٹیکنیکل سٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول پر بھرپور توجہ دیں اور اس شعبے کی سربلندی اور نیک نامی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

انہوں نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ ہسپتال انتظامیہ آپ کے جائز مسائل میرٹ پر حل کرے گی۔صدر ایسوسی ایشن جنید میو نے کہا کہ وہ ہسپتال کی نیک نامی اور مریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی قیادت میں اس ادارے کو سٹیٹ آف دی آر ٹ بنانے اور مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کا سفر جاری رکھیں گے۔عارف بٹر، قاسم میو،فہیم سبحانی،ملک وسیم اور محسن بگا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں