لاہور 27جنوری(زاہد انجم سے)نرسنگ کے شعبے میں انتظامی امور اور درس و تدریس کا وسیع تجربہ رکھنے والی نرسنگ افیسر مسز ثمینہ کوثر کو گریڈ 19 میں ترقی دے کر پرنسپل کالج آف نرسنگ، امیرالدین میڈیکل کالج / لاہور جنرل ہسپتال تعینات کر دیا گیا، انہوں نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال کر ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کر دی ہیں۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ایل جی ایچ کی سابقہ نرس طالبہ 36 برس بعد اپنی ہی مادرِ علمی کی سربراہ بن گئی ہیں۔
چارج سنبھالنے کے موقع پر نرسنگ فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے مسز ثمینہ کوثر نے اس بات پر زور دیا کہ نرسنگ انسٹرکٹرز طالبات کی اعلیٰ تعلیم اور بہترین کلینیکل تربیت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی رہنمائی میں کالج آف نرسنگ میں نظم و ضبط اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
مسز ثمینہ کوثر نے 1995 میں کارڈیک کیئر میں اسپیشلائزیشن حاصل کی اور 1999 میں پمز (PIMS) اسلام آباد سے پوسٹ گریجویشن مکمل کی۔ بعد ازاں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) لاہور سے پوسٹ آر این بی ایس سی نرسنگ کی ڈگری کے دوران ”لیڈرشپ اور مینجمنٹ” میں ڈسٹنکشن حاصل کی۔
اس وقت وہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے ایم ایس سی نرسنگ کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے جناح ہسپتال، گلاب دیوی ہسپتال اور لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں خدمات انجام دیں جبکہ شاہدرہ کالج آف نرسنگ اور پی جی سی این (PGCN) میں بطور نرسنگ انسٹرکٹر نرسوں کی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے تجربے، پیشہ ورانہ مہارت اور نرسنگ فیکلٹی کے ہمراہ تعلیمی و تربیتی معیار کو مزید بلند کریں گی۔
٭٭٭٭