جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال:” ایڈوانس ٹراما لائف سپورٹ” ورکشاپ، سینئر پروفیسرز کے لیکچرز

لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی اقدامات کو اپنا کر حادثاتی اموات اور جسمانی معذوری کی شرح کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے،اسی طرح اگر موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال سو فیصد یقینی بنائیں تو ہیڈ انجری جیسے افسوسناک واقعات نہ ہونے کے برابر ہو جائیں گے،لہذا یہ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حادثے کی صورت میں زخمی کو جلد از جلد ہسپتال پہنچائے تاکہ بر وقت علاج شروع ہو سکے کیونکہ انسانی زندگی کو بچانا ہی میڈیکل پروفیشن کا مشن ہے۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے ایڈوانس ٹراما لائف و رکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ جنرل سرجری پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کیا جنہوں نے اس ورکشاپ کی اہمیت سے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی۔

تربیتی ورکشاپ میں ملک کے ماہر میڈیکل ٹیچرز نے اپنے اپنے تجربے کی روشنی میں نوجوان ڈاکٹروں کو آگاہی لیکچرز دیے۔ اس موقع پر پروفیسر ارشد چیمہ، پروفیسر معید اقبال قریشی، پروفیسر محمد شعیب نبی، پروفیسر فرید احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف، پروفیسر ڈاکٹر ہارون جاوید، ڈاکٹر فاروق رانا نے بھی مفید معلومات فراہم کیں جبکہ نوجوان ڈاکٹرز،نرسز و دیگر موجود تھے۔

پروفیسرز صاحبان نے کہا کہ ہیڈ انجری اور جسمانی اعضاء کے فریکچر کے زیادہ کیسز ٹریفک میں لا پرواہی اور والدین کی غفلت کے موجب ہیں جبکہ نو عمر بچوں کو موٹرسائیکل،گاڑی ڈرائیونگ پر چیک نہ رکھنا حادثات کا باعث بنتا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات والدین کو ساری عمر اس بات کا افسوس رہتا ہے۔

طبی ماہرین نے نوجوان ڈاکٹرز کو سرجری، آپریشن کی نئی ٹیکنیک اور میڈیکل کی دنیا میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے تفصیلی لیکچرز دیے۔اُن کا کہنا تھا کہ حادثے کی صورت میں زخمی کو جتنی جلدی ہو سکے طبی امداد مہیا کی جا ئے جس سے اُن کی زندگی بچنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر آصف بشیر اور پروفیسر خالد محمود کا کہنا تھا کہ بعض کیسز میں زخمیوں کو بہت زیادہ چوٹیں نہیں آتیں تاہم کسی ایک انجری سے بہت سا خون بہہ جانے کی وجہ سے زخمی زندگی کی بازی ہار جاتا ہے لہذا یہ ضروری ہے کہ بلا تاخیر حادثات کے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جائے اور ڈاکٹر صاحبان اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے سیریس زخمیوں کو فوری علاج کریں تاکہ اُن کی زندگی کو بچایا جا سکے۔

پروفیسرڈاکٹر فاروق افضل و دیگر نے کہا کہ ہیڈ انجری کے واقعات کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ موٹر سائیکل سوار اپنی حفاظت کے لئے ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں تاکہ کسی نا خوشگوار حادثے میں اُن کی جان محفوظ رہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ٹریفک قوانین اور تعمیراتی کام میں سیفٹی معیار کو یقینی بنایا جائے تو نیورو سرجری، آرتھوپیڈک، برن یونٹ اور جنرل سرجری پر کام کا بوجھ کم ہو جائے گا اور حادثات میں شرح اموات بھی کم ہو جائے گی۔۔ ایڈوانس ٹراما لائف سپورٹ ورکشاپ کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں