لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کا نظم و نسق احسن طریقہ سے چلانے، ملازمین کی حاضری، کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، ہسپتال میں صفائی و ستھرائی اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے 5رکنی اعلیٰ سطحی ویجیلنس اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔
جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی کے سربراہ پروفیسر محمد شاہد ہونگے جبکہ دیگر ارکان میں ڈاکٹر جاوید ممتاز،ڈاکٹر محمد مقصود،ڈاکٹرلیلیٰ شفیق اورپرنسپل نرسنگ کالج شامل ہیں۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ایل جی ایچ میں خدمت کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے ویجیلنس کمیٹی ہسپتال کے ملازمین کی حاضری روزانہ کی بنیاد پر چیک کرے گی اور تمام شعبوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی بھی مجاز ہوگی جبکہ کمیٹی کے فرائض میں غفلت برتنے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف تادیبی کاروائی کرنا بھی شامل ہو گا۔
مریضوں کا ریکارڈ ترتیب دینا اور روزانہ ہسپتال کا راؤنڈ کر کے صفائی کا جائزہ لینا بھی اس کمیٹی کی ذمہ داری ہو گی۔مزید برآں یہ کمیٹی روزانہ اپنی رپورٹ اورتاثرات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو بھجوائے گی جن کی روشنی میں مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔