لاہور(زاہد انجم سے) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے میڈیکل ٹیچرز نے دکھی انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ سرجری کو تین لیپرو سکوپی مشینیں عطیہ کر دیں ہیں۔
ان مشینوں سے جہاں مریضوں کے علاج معالجے اور آپریشن میں خاطر خواہ مدد ملے گی وہیں وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ ینگ ڈاکٹرز کو بھی عملی تربیت فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔اسی طرح لیپرو سکوپی پروسیجر کینسر اور موٹاپے کے مرض میں مبتلا افراد کیلئے تکلیف سے نجات کا باعث ہو گی جس سے اُن کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے لیپرو سکوپی مشینیں عطیہ کرنے پرسینئر ڈاکٹرز کے انسانی خدمت کے جذبے کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ ایل جی ایچ کے ڈاکٹرز اپنے سرکاری فرائض کی ا نجام دہی کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے بھی اپنی جیب سے خرچ کرنے سے دریغ نہیں کرتے جو لائق تحسین اقدام اور دیگر مخیر حضرات کیلئے قابل تقلید امرہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل کے شعبے نے ڈاکٹروں کو عزت اور شہرت سے نوازا ہے لہذا اب اُن کا یہ اخلاقی فرض ہے کہ وہ اپنے شعبے کیلئے باعث تکریم بنیں اور انسانیت کی خدمت کے لئے اپنے وسائل بھی خرچ کرنا چاہئے۔اس موقع پر پروفیسر غیاث النبی طیب، ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ (سرجری) پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر عون جمال اور ہیلتھ پروفیشنلز بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔
پروفیسر غیا ث النبی طیب کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کو بھی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آگے آنا چاہیے تاکہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا کہ ایڈوانس سرجری کی تکنیک سے مریض کو زیادہ دیرتک ہسپتال رہنے کی ضرورت پیش نہیں آتی اور اینٹی بائیوٹک ادویات سے بھی چھٹکارا مل جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹروں کو لیپرو سکوپی سرجری کی تربیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے تاکہ دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر مریضوں کے آپریشن جدید ٹیکنالوجی سے کر سکیں۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ڈاکٹرز کی ا ولین ترجیح ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کا باعث ہے۔
انہوں نے مشینیں عطیہ کرنے والے سینئر ڈ اکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ہسپتال میں سب سے زیادہ ٹراما کیسز آتے ہیں اور لیپرو سکوپی سرجری سے مریض جلد اپنے معمولات زندگی کے قابل ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان مشینوں سے مریضوں کو خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا اور جنرل ہسپتال کی نیک نامی میں مزید اضافہ ہوگا۔
٭٭٭